حیدرآباد، 21؍اپریل (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )ایم ومسی کرشن کے پاس اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ چھٹی گزارنے کرنے کے لیے پیسے نہیں تھے،ایسے میں اس نے اپنی گرل فرینڈ کو مبینہ طور پر جعلی ٹکٹ بھیجا اور اپنی عزت بچانے کے لیے اس نے ممبئی پولیس کو ای میل بھیج کر ہوائی جہاز ہائی جیک کا خدشہ ظاہر کیا، لیکن اس کی یہ اسکیم کامیاب نہیں ہو سکی اور اب وہ پولیس کی گرفت میں ہے۔میاں پور کے رہنے والے 32سالہ ٹرانسپورٹ ایجنٹ کرشن نے مالی پریشانیوں کی وجہ سے اپنی گرل فرینڈ کو ہوائی جہاز کا جعلی ٹکٹ بھیجا، جو چھٹی گزارنے کے لیے ممبئی اور گوا جانا چاہتی تھی۔عاشق کو لگ رہا تھا کہ ہائی جیک کے خدشہ میں اگر پرواز منسوخ ہو جائے گی ،تو اس کی گرل فرینڈ کو اپنے سفر بھی منسوخ کرنا پڑے گا اور وہ شرمندگی سے بچ جائے گا۔پولیس ڈپٹی کمشنر بی لمبا ریڈی کے مطابق کرشن نے خود کو خاتون بتاتے ہوئے یہ ای میل بھیجا تھا، ای میل میں اس نے دعوی کیا تھا کہ 23لوگوں کا ایک گروپ ممبئی، حیدرآباد اور چنئی ہوائی اڈوں پر ہوائی جہاز ہائی جیک کرنے والا ہے،اس کے بعد ممبئی پولیس نے تینوں ہوائی اڈوں پر سیکورٹی ایجنسیوں کو الرٹ کر دیا تھا۔ملزم نے پولیس کو بتایا کہ اس کی چنئی کی رہنے والی گرل فرینڈ نے ممبئی اور گوا جانے کی خواہش کا اظہار کیا تھا ۔ ومسی کے پاس پیسے نہیں تھے اور وہ اس سفر کا خرچ اٹھانے کی پوزیشن میں نہیں تھا، اس لیے اس نے ایک اسکیم بنائی ۔ریڈی کے مطابق ،اس نے اپنی گرل فرینڈ کو چنئی سے ممبئی کا 16؍اپریل کا ایک جعلی ٹکٹ بنوایا اور اس اسکو ای میل کر دیا، بعد میں وہ ایک انٹرنیٹ کیفے میں گیا اور ایک ای میل ایڈریس بنانے کے بعد ممبئی کے پولیس کمشنر اور دیگر کو دھمکی بھرا ا ی -میل بھیجا تاکہ بم کی دھمکی سے پرواز منسوخ ہو جائے اور گرل فرینڈ کا جانا ملتوی ہو جائے۔اس کے خلاف آئی ٹی قانون اور تعزیرات ہند کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔